اس بُتکدے میں تُوجوحسیں تر لگا مجھے

beautiful thought

beautiful thought

اس بُتکدے میں تُوجوحسیں تر لگا مجھے
اپنے ہی اک خیال کا پیکر لگا مجھے

جب تک رہی جگر میں لہو کی ذرا سی بوند
مٹھی میں اپنی، بند سمندر لگا مجھے

مرجھا گیا جو دل میں اُجالے کا سرخ پھول
تاروں بھرا یہ کھیت بھی بنجر لگا مجھے

اب یہ بتا کہ روح کے شعلے کا کیا رنگ
مرمر کا یہ لباس تو سُندر لگا مجھے

کیا جانیے کہ اتنی اُداس تھی رات کیوں
مہتاب اپنی قبر کا پتھر لگا مجھے

آنکھوں کو بند کر کے بڑی روشنی ملی
مدھم تھا جو بھی نقش، اُجاگر لگا مجھے

یہ کیا کہ دل کے دیپ کی لو ہی تراش لی
سورج اگر ہے ، کرنوں کی جھالر لگا مجھے

صدیوں میں طے ہوا تھا بیاباں کا راستہ
گلشن کو لوٹتے ہوئے پل بھر لگا مجھے

میں نے اسے شریکِ سفر کر لیا شکیب
اپنی طرح سے چاند جو بے گھر لگا مجھے

شکیب جلالی