افغانستان میں طالبان کی واپسی پاکستان کیلئے بری ہوگی: تھامسن

adam thomson

adam thomson

پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی واپسی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگی۔

خصوصی انٹرویو میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ افغان عوام طالبان کے مظالم کو ابھی تک نہیں بھولے۔ اگر افغانستان میں طالبان کی واپسی ہوگئی تو یہ نہ صرف افغان عوام بلکہ پاکستان کیلئے بھی ایک بری خبر ہوگی۔ ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم افغانستان میں سیاسی استحکام کیلئے مثبت طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اس خطے میں اپنے مفادات ہیں اور برطانیہ اس کا ایک اہم اتحادی ہے تاہم دنیا کا ایک اہم ملک ہونے کی حیثیت سے ہماری اپنی ترجیحات اور مفادات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی افواج 2014 میں افغانستان سے انخلا کر جائیں گی۔