افغانستان میں مصالحتی عمل کی حمایت کرتے ہیں،گیلانی

gilani

gilani

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ ڈرون حملوں سے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف لڑائی میں مشکل پیش آرہی ہے، امریکا پاکستان کے زمینی حقائق کو سمجھے۔  آسٹریلیا کے دورے کے دوران پرتھ میں دئیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان افغانستان کے تمام مسائل کا حل چاہتا ہے اور مصالحت کیلئے افغان حکومت کے ہر اقدام کی حمایت کرنے کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان، افغانستان اور امریکا کو مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ تینوں ملکوں کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ افغان مسائل کا حل لڑائی نہیں۔ ایک مرتبہ کسی ملک نے فوجی کارروائی شروع کی تو اسے جنگ ختم کرکے باہر نکلنے کیلئے تمام مسائل کا سماجی و معاشی حل دینا ہوگا۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا دونوں ملکوں کے تعلقات میں کافی نشیب و فراز آئے ہیں۔ امریکا کو پاکستان کے زمینی حقائق کو سمجھنا ہوگا۔ شدت پسندی اور عسکریت پسندی سے لڑائی کیلئے پاکستان کو عالمی برادری کی سیاسی حمایت درکار ہے۔ ڈرون حملوں کے متعلق سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا ڈرون حملوں سے دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔