حج کرپشن کیس:حسین اصغرکی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری

supreme court
اسلام آباد: حکومت نے حج کرپشن کیس کے تفتیشی افسر اور ڈی جی ایف آئی اے حسین اصغر کی بحالی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ سپریم کورٹ کا چھ رکنی بینچ حج کرپشن کیس کی سماعت کررہا ہے۔ آج سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے اور حج کرپشن کیس کے تفتیشی افسر حسین اصغر کی بحالی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دن ساڑھے گیارہ بجے تک نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
دن ساڑھے گیا رہ بجے سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے حسین اصغر کی بحالی کا نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کردیا ۔ نوٹی فکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ عدالت نے حکم دیا کہ حسین اصغر فوری طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کیس کی تفتیش وہیں سے شروع کریں جہاں چھوڑا تھا۔
عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو کل عدالت میں پیش ہونیکا بھی حکم دیا۔ حج کرپشن کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ دوسری جانب حکومت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سہیل احمد کو او ایس ڈی بنا دیا۔ سہیل احمد نے حسین اصغر کے تبادلے کا نوٹی فکیشن آج سپریم کورٹ میں پیش کیا تھا۔