حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے، فضل کریم

Fazal karim

Fazal karim

کراچی (جیوڈیسک) کراچی چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے، نیول بیس مہران اور کامرہ ایئر بیس حملوں کے ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں اور بیرون ملک آباد پاکستانی ملکی حالات سے خوفزدہ اور یہاں آنے سے ڈرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے لندن سے کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے، جب سیاسی جماعتیں چیف الیکشن کمیشن پر متفق ہوسکتی ہیں تو دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس کیوں نہیں بلائی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے حکومت کو دہشت گردی پر قابو پانا ہوگا نہیں تو بڑی خونریزی کا خطرہ ہے، بیرون ملک قیام پذیر پاکستانی ملکی حالات سے خوفزدہ ہیں اور وطن واپس آنے سے ڈرتے ہیں، مہران اور کامرہ بیس حملوں کے ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں۔