حکومت نے امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور : مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے جو امیدیں تھیں، ان سب پر پانی پھر گیا۔ سندھ اور بلوچستان میں حالات خراب ہونے کے باوجود پنجاب تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔لاہور میں یلو کیب سکیم کی قرعہ اندازی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک خطرات سے دوچار ہے لیکن ان کی جماعت ملک کی رکھوالی کرے گی اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محب وطن جماعتوں کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں۔
پاکستان اس لئے معرض وجود میں نہیں آیا تھا کہ ملک کا آئین توڑا جائے اور عوام کو ان کے حق سے محروم رکھا جائے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کرپشن کے کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے باوجود امین فہیم وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں اور جن کرپٹ سرکاری افسران کو عدالت سے سزا ہو جائے، انہیں ایوان صدر سے معافی نامہ جاری ہو جاتا ہے۔ مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات کی خرابی کے باوجود پنجاب کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ حکومت سے ملی بھگت ہوتی تو پنجاب حکومت کا خاتمہ اور صوبے میں گورنر راج کا نفاذ نہ ہوتا۔
نواز شریف نے کہا کہ مختلف حکومتیں ان کے خاندان کا مال کھا گئی ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف نے طیارہ سازش کیس میں حمزہ شہباز سے تیرہ کروڑ لیا لیکن فیصلہ آنے کے باوجود یہ پیسہ واپس نہیں کیا گیا۔