دہشت گرد قومی وحدت کے لیے خطرہ ہیں: صدر زرداری

president asif ali zardari

president asif ali zardari

صدر آصف زردری نے کہا ہے کہ انتہا پسندوں کو ان کا ایجنڈا گولی کے زور پر مسلط نہیں کرنے دیا جائے گا اور دہشتگردوں کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔
صدر آصف زرداری نے راولپنڈی میں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ یوم دفاع قوم کو اپنے محاسبے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ تاکہ اپنی توانائیوں کو قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وقف کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو عسکریت پسندی دہشتگردی اور فرقہ واریت کے مسائل کا سامنا ہے، قوم کو چھ ستمبر انیس پینسٹھ والے جذبے کی ضرورت آج زیادہ ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ درست نصب العین،بے لوث جذبے اور مسلح افواج کے عزم و حوصلے کی بدولت قوم کے وجود کو لاحق خطرات کا کامیابی سے مقابلہ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے اور اس نکتہ نظر کا حامی ہے کہ افغانستان میں امن و مفاہمت وہاں کی قیادت کی ذمہ داری ہے۔