رقم لینے والوں کو قوم شاید معاف کردے، سزا سے نہیں بچ سکتے، وزیراعظم

PM Raja Pervaiz Ashraf

PM Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پیپلزپارٹی اور عوام کی فتح ہے، اسٹیبلشمنٹ سے پیسے لینے والے قوم سے معافی مانگیں، ہوسکتا ہے کہ قوم انہیں معاف کردے لیکن وہ سزا سے نہیں بچ سکیں گے، ایف آئی اے قانون کی مطابق کارروائی کرے گی، آج اصغر خان کیس کا فیصلہ آیا جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پوری دنیا کے سامنے حقیقت آگئی، بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن چرالئے ہیں، تاریخ نے ہمیں سچائی کا سرٹیفکیٹ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا سب سے بڑا ٹاسک صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، آئندہ انتخابات کو صاف شفاف بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اصغر خان کیس کے فیصلے سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اصغر خان کیس کافیصلہ آیا جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 16 سال بعد فیصلہ آیا، تاریخ نے اپنے سینے سے سچ اگل دیا، بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن چرالئے ہیں، پاکستان کے عوام سے مینڈیٹ چھینا گیا، 16 سال پہلے کی اسٹیبلشمنٹ کے چہرے اور حقیقت پوری دنیا کے سامنے آگئی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کہا کہ تاریخ کسی نہ کسی دن حقائق سامنے لے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا ٹاسک صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، آئندہ انتخابات کو صاف شفاف بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے قانون کی مطابق کارروائی کرے گی، کسی تفتیش میں مداخلت نہیں کریں گے، تحقیقات کے بعد جو کچھ پتا چلے گا وہ قوم کے سامنے لائیں گے، اسٹیبلشمنٹ سے پیسے لینے والے قوم سے معافی مانگیں، شاید قوم انہیں معاف کردے لیکن وہ سزا سے نہیں بچ سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں کوئی سیاسی سیل نہیں، یہ پتا چلنا چاہئے کہ سازش میں کون کون شامل تھا، یہ بھی پتا چلانا ہوگا کہ سازش کب اور کہاں تیار کی گئی۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ تمغہ جمہوریت کسی فرد کو نہیں ادارے کو دیا گیا، فیصلے میں لکھا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ہرانا اور سازش کرنا غیرآئینی تھا، آج کے فیصلے سے پیپلزپارٹی اور اسے ووٹ دینے والوں کی فتح ہوئی، اگر یہ حربے استعمال نہ کئے جاتے تو پیپلز پارٹی کی حکومت بنتی۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اصغر خان نے طویل قانونی جنگ لڑی جس میں وہ سرخرو ہوئے، آج تاریخ نے ہمیں ہماری سچائی کا سرٹیفکیٹ دیا ہے، چند لوگوں نے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر پیپلزپارٹی کے خلاف سازش کی، قوم کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے پیسے لینے والے تمام افراد سے تفتیش کی جائے گی۔