سیوریج مین ہولز کو ڈھکنے کے ساتھ سیوریج لائنوں کی بندش کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ، نشاط ضیاء قادری

کراچی (ارشد محمد )حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ سیوریج کے کھلے مین ہولز کو فوری کوورز کر کے سیوریج لائنوں کی بندش کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے غیر قانونی اور بغیر اجاز کنکشن حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ اور مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا ئی جاسکے ان خیالات کااظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کی مختلف یونین کونسل میں سیوریج کے مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے جائزے کے لئے تفصیلی دورے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کیا ۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برسات کے بعد شاہ فیصل ٹاؤن کی تمام یونین کونسل میں برساتی نالوں کی صفائی اور بارش کے بعد سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کی پیچ ورک کے کاموں کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی محکموں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بعد نکلنے والے فضلے کو بروقت اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جائے اور مستقل بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی اور نالوں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو بھی یقینی بنا یا جائے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی اور بغیر اجازت فراہمی ونکاسی آب کے کنکشن کے حصول سے اجتناب کریں اور برساتی نالوں میں کوڑا کرکٹ اور کچرا نہ پھینکیں تاکہ برساتی نالوں کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھ کرنکاسی آب کے نظام کی بہتری کے ساتھ صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا کر باہمی تعاون کے زریعے شاہ فیصل ٹائون میں مسائل سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنا ئی جا سکے۔