عوامی نیشنل پارٹی کا بلدیاتی نظام کیخلاف 13 ستمبر کو ہڑتال کا اعلان

Sindh

Sindh

سندھ (جیوڈیسک) سندھ میں نئے بلدیاتی نظام 2012 کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی نے سندھ میں حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب سندھ بچا کمیٹی نے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف13 ستمبر کو سندھ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔گورنر ہاس کراچی میں6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب میں بلدیاتی نظام 2012 کے آرڈنینس کے اجرا کے بعد حکومت کی اتحادی جماعتوں سمیت قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بھی نئے بلدیاتی نظام کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی وزیر امیر نواب نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو اپنا استعفی پیش کر دیا ۔

جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت پارٹی کی امانت تھی اور پارٹی قیادت کے فیصلے کے بعد انہوں نے اپنا استعفی وزیر اعلی سندھ کو پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی جماعت سندھ میں اتحادی حکومت سے علیحدہ ہو گئی ہے تاہم سیاست میں مزاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔ سندھ حکومت کی ایک اور اتحادی جماعت مسلم لیگ فنکشنل نے بھی نئے بلدیاتی نظام پر اعتماد میں نہ لیے جانے کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سندھ بچا کمیٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف 13 ستمبر کو سندھ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ جو مسودہ اسمبلی سے منظور ہونا چاہیے تھا اسے آرڈیننس کے ذریعے رات کے اندھیرے میں جاری کیا گیا جو جمہوری روایات کے خلاف ہے۔