لاہور ائیرپورٹ جمبواور777 طیاروں کیلئے تاحال بند

Allam Iqbal Airport lahore

Allam Iqbal Airport lahore

لاہور(جیوڈیسک)لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرجمبواور777 طیاروں کا آپریشن ابھی تک شروع نہیں ہو سکا،سول ایوی ایشن حکام کے مطابق رن وے کو دوپہر2بجے تک ہرقسم کی پروازوں کیلئے کلیئر کر دیا جائے گا،تحقیقاتی ٹیم نے طیارے کے کیپٹن فہیم اور فرسٹ آفیسر حنیف کا بیان قلم بندکر لیا ہے۔جمعہ کے روز اسلام آباد سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 653 لاہور ایئرپورٹ پراترتے ہوئے پھسل گئی تھی،جس کا دایاں ٹائربرسٹ ہوگیا تھا اور طیارے کا ایک پر زمین سے جا لگا تھا،خوش قسمتی سے طیارے کے تمام42 مسافر اور عملے کے7ارکان حادثے میں محفوظ رہے تھے۔

حادثے کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والی ملکی اورغیر ملکی 777اور جمبو پروازیں شدید متاثر ہوئیں ،جنہیں کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر اتارا جارہاہے،جبکہ لاہور سے جانے والی تمام 777اورجمبوپروازیں بھی شدیدمتاثر ہورہی ہیں،ایم ڈی پی آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے طیارے کے کیپٹن فہیم اور فرسٹ آفیسر حنیف کا بیان قلم بندکر لیاہے،جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق طیارے کے پائلٹ کیپٹن فہیم نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا تھا کہ وہ ٹچ ڈاون زون پر لینڈنگ نہیں کر سکے تھے اورطیارہ بارش کی پھسلن کے باعث داہنی طرف لڑھک گیاتھا،سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر پورٹ کو دوپہر2بجے تک تمام پروازوں کیلئے کلیئر کر دیا جائے گا۔