لاہور : ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ، ان ڈور میں کام بند

Young Doctors strike

Young Doctors strike

لاہور (جیوڈیسک)لاہور میں ینگ ڈاکٹرز نے عدالتی احکامات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سروسز اسپتال میں ان ڈور آپریشن بند کر دئیے جب کہ کینال روڈ پر احتجاج کے باعث سینکڑوں لوگ گاڑیوں میں محبوس ہو کر رہ گے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سروس اسٹرکچر وضع نہ کرنے کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ سروسز اسپتال میں ان ڈور آپریشن بھی بند کر دئیے گے ہیں جب کہ جناح اسپتال کے ڈاکٹرز نے کینال روڈ پر احتجاج شروع کر دیا ہے جس سے شہر میں ایک سمت سے آمدورفت معطل ہو کر رہ گی ہے۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام ہو کر رہ گیا ہے۔

گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں اور سینکڑوں افراد گاڑیوں میں محبوس ہو کر رہ گے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز کی مسلسل ہڑتال کے باعث عدالت عالیہ نے دائر درخواست پر کیس کی سماعت کے بعد ڈاکٹرز کو ہڑتال اور احتجاج سے روک دیا تھا لیکن ینگ ڈاکٹرز نے عدالتی احکامات کے پرخچے اڑاتے ہوئے آپریشن بند اور مریضوں کو لاوارث چھوڑ کر احتجاج شروع کر رکھا ہے۔