ملک ریاض کا شعیب سڈل کمیشن پر عدم اعتماد

Malik Riaz

Malik Riaz

اسلام آباد(جیوڈیسک)ملک ریاض نے شعیب سڈل کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انکا کہنا ہے کہ ارسلان افتخار ایک ڈان ہے، شعیب سڈل کمیشن سمیت کسی کمیشن پر اعتماد نہیں ہے۔

بحریہ ٹاون کے سابق چیف ایگزیکٹیو ملک ریاض نے شعیب سڈل کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شعیب سڈل کمیشن سمیت کسی کمیشن پر اعتماد نہیں۔ وہ کمیشن میں یہی کہنے آئے تھے کہ انہیں کسی پر اعتماد نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ارسلان افتخار کو بھی وہی انصاف دیا جائے جوعام آدمی کو ملتا ہے۔

ملک ریاض نے کہا کہ شعیب سڈل کمیشن کے بجائے سپریم کورٹ جانے کو تیار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ شعیب سڈل کی نوکری میں توسیع کے لیے ڈیل ہو رہی ہے،۔ ارسلان افتخار کیس میں تحقیقات کیلئے شعیب سڈل کمیشن نے ملک ریاض کو نوٹس جاری کیا تھا۔ ملک ریاض متعدد نوٹسز کے بعد آج پہلی بار کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ سپریم کورٹ نے ارسلان افتخار کیس میں تحقیقات نیب سے لے کر شعیب سڈل کمیشن کے حوالے کی تھیں۔