نہاں فنا میں بقا ہے، ذرا سنبھل کے چلو

khaak

khaak

نہاں فنا میں بقا ہے، ذرا سنبھل کے چلو
یہ خاک خاکِ شفا ہے ذرا سنبھل کے چلو

ہر ایک ذہن میں اندیشہ ہائے دور دراز
ہر ایک لب پہ صدا ہے، ذرا سنبھل کے چلو

ہیں اس کی خاک کے پردے میں آسمان کئی
زمین کرب و بلا ہے ذرا سنبھل کے چلو

جہاں سے تم کو پیام و سلام آتے ہیں
وہ شہر، شہرِ جفا ہے ذرا سنبھل کے چلو

یہ صحن ارضِ حرم ہے بہ احتیاط قدم
بہت قریب خدا ہے ذرا سنبھل کے چلو

جدائیاں یہ کہیں دائمی نہ ہو جائیں
مزاج سب کا جدا ہے ذرا سنبھل کے چلو

سفر بھی دھوپ کا ہے اور عدیل تلووں کا
ہر ایک زخم ہرا ہے ذرا سنبھل کے چلو
عدیل زیدی