وفاقی کابینہ نے پاک بھارت ویزہ پالیسی کی توثیق کر دی

Prime Minister Meeting

Prime Minister Meeting

اسلام آباد(جیوڈیسک)وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات میں ترمیم کے بل 2012 کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے پاک بھارت ویزہ معاہدے کی بھی توثیق کر دی ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ نے انتخابی اصلاحات میں ترمیم کے بل 2012 کی منظوری دی۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن کے قوانین میں ترمیم کی منظوری پارلیمنٹ سے بھی لی جائے گی۔ کابینہ نے بھارت کے ساتھ کسٹم امور میں معاونت، پاک بھارت ثقافتی تعاون میں فروغ اور تجارتی امور کے نئے معاہدے کی منظوری دے دی پاک بھارت ویزہ معاہدے کی بھی توثیق بھی کی گئی۔ پاک مصر سماجی شعبے میں تعاون بڑھانے، عراقی فوج کو جنگی تربیت فراہم کرنے کے معاہدے کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور جان ہاکنز یونیورسٹی امریکہ کے درمیان معاہدے اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کی مانیٹرنگ کے لئے پاک امریکہ معاہدے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر رہی ہیں، حکومت نے آزاد اور شفاف انتخابات کرانے کا عزم کر رکھا ہے۔ عالمی برادری شفاف انتخابات کے لیے حکومتی کوششوں کی توثیق کر رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے سفارت خانے کو ہدایت کر دی ہے۔