پاک بھارت مذاکرات: سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا ہے،حنا کھر

hina rabbani
لاہور: وفاقی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات سے پہلے نواز شریف سمیت اہم سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا ہے۔ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح اور اصولی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات سے قبل انہوں نے نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت سمیت حزب اختلاف کے رہنماں کو اعتماد میں لیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ یہ مذاکرات ملکی استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ بھارت سے آنے والے اشارے بھی مثبت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک بلاتعطل امن مذاکرات کے خواہشمند ہیں تاکہ خطے میں امن اور ترقی کا عمل شروع کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح اور اصولی ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری قیادت کو بھی شامل کرنا چاہتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا۔