پشاور : بارش سے مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور 2 بچے جاں بحق

Peshawar Rain

Peshawar Rain

پشاور (جیوڈیسک) پشاور اور اس کے گردو نواح میں موسلادھار بارش سے مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون سمیت دو بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ مواصلات کا نظام درہم ہوگیا جس کے باعث تمام شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔گلبرک کے علاقے میں گل رحیم کے مکان کی شدید بارش کے باعث چھت گر گئی جس سے گل رحیم کی بھابی اور بیٹا ، بھتیجا ایک بھتیجی چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے جن کو اہل علاقے نے اپنی مدد آپ کے تحت چاروں افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا ۔

مقامی افراد نے طبی امداد کے لیے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا ۔گذشتہ رات ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد پشاور میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ مسلسل بارش کے باعث مواصلات کا نظام مفلوج ہوگیا جبکہ سڑکوں پر پانی بھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام بھی معطل ہوگیا ۔

سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بارش کے بعد جگہ جگہ پانی کھڑا رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔نشیبی علاقوں میں پانی گھروں دوکانوں اور پٹرول پمپس میں داخل ہوگیا ۔لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ یونیورسٹی روڈ ، کوہاٹی، گلبرگ اور لاہوری گیٹ میں پانی کھڑا ہے ، ملحقہ علاقوں میں قائم سکولوں کو بند کردیا گیاہے۔