پی آئی اے کی پروازوں کی آمد و رفت کا نظام درہم برہم

PIA flights

PIA flights

لاہور (جیوڈیسک)پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے میں پروازوں کی آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے جس سے انتظامی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

لاہور سے بین الاقوامی اور مقامی پروازوں کی روانگی کا شیڈول طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث بگڑ گیا ہے۔ لندن جانے والی پرواز پی کے 787 کی روانگی میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہو گی۔ مانچسٹر جانے والی پرواز 709 چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ پشاور سے ایک پرواز نے اسلام آباد پہنچنا تھا یہ پرواز بھی سات گھنٹے دیر سے روانہ ہو گی۔ اسلام آباد سے کوئٹہ کی پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ اسی پرواز سے اٹارنی جنرل عرفان قادر اور سیکریٹری داخلہ نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے سامنے پیش ہونے کے لیے کوئٹہ پہنچنا تھا۔

پرواز کی تاخیر کے باعث دونوں حکام وقت پر نہیں پہنچ سکے جس پر عدالت دونوں پر برہم ہے۔ ادھر کراچی سے کوئٹہ جانے والی پرواز بھی دو گھنٹے لیٹ ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کا موقف ہے پروازوں کی عدم دستیابی کے باعث شیڈول بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ لاہور سے ایک پرواز نے ملائیشیا جانا تھا کہ جہاز کے ٹیک آف کرتے ہی ایک پرندہ طیاریسے ٹکرا گیا جس سے پرواز کو واپس بلا لیا گیا۔ اب یہ پرواز دوپہر ایک بجے کے بعد روانہ ہو گی۔