چوتھا اور پانچواں دن

چوتھا دن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 11 ذی الحجہ

jamrah

jamrah

11 ذی الحجہ کو تینوں شیطانوں کو کنکری مارنی ہے۔ اسکا وقت سورج ڈھلنے کیبعد سے صبح صادق تک ہے لیکن سورج ڈوبنے کیبعد بلاعذر مکروہ ہے۔ جمرہ اولیٰ یعنی چھوٹے شیطان سے شروع کریں جو مسجد خیف کے قریب ہے۔ سات کنکریاں پہلے کے طریقہ پر دعا پڑھ کے ماریں مگر قبلہ رو ہو کر۔

کنکری مار کر کچھ آگے بڑھ جائیں اور قبلہ رو ہاتھ اٹھا کر اس طرح دعا کریں کہ ہتھیلیاں قبلہ کیطرف رہیں۔ نہایت عاجزی و انکساری کیساتھ درود شریف، دعا اور استغفار میں کم از کم بیس آیتیں پڑھنے کی مقدار تک مشغول رہیں۔

پھر جمرہ وسطیٰ یعنی درمیانی شیطان پر جا کر رمی جمار اور دعا اسی طرح کریں پھر بڑے شیطان پر جا کر جس کو جمرہ کبریٰ اور جمرہ عقبہ بھی کہتے ہیں سات کنکری ماریں مگر وہاں ٹھہریں نہیں بلکہ فورا پلٹ آئیں اور پلٹتے ہوئے دعا کریں۔

پانچواں دن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 12 ذی الحجہ
12 ذی الحج کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکری مارنی ہے اور اسکا وقت گیارہویں کی مثل بھی سورج ڈھلنے کیبعد سے ہے۔ بعض لوگ اس دن دوپہر سے پہلے ہی کنکری مار کر مکہ شریف چل دیتے ہیں یہ درست نہیں۔

زوال کیبعد تینوں شیطان کو گیارہویں تاریخ کے مثل کنکری ماریں پھر اگر چاہیں تو سورج ڈوبنے سے پہلے مکہ شریف کیطرف روانہ ہو جائیں کہ غروب کیبعد جانا معیوب ہے اور اگر تیرہویں کی صبح ہو گئی تو پھر کنکری مارے بغیر جانا جائز نہیں اگر جائے گا تو دم یعنی ایک قربانی کا کفارہ واجب ہو گا۔

jamrah aqabah

jamrah aqabah

اور تیرہویں کو کنکری مارنے کا صحیح وقت صبح سے سورج ڈوبنے تک ہے مگر صبح سے سورج ڈھلنے تک مکروہ ہے لہٰذا اگر کسی نے تیرہویں کو دوپہر سے پہلے کنکری ماری تو ادا ہو جائیگی لیکن زوال کیبعد مارنا سنت ہے۔

تحریر: مفتی محمد جلال الدین احمد امجدی