چین : وکلا کو حکمران جماعت سے وفاداری کا حلف اٹھانے کا حکم

Cultural Revolution

Cultural Revolution

چین : (جیو ڈیسک) چین کی وزارتِ انصاف نے وکلا کو حکمران جماعت ‘کمیونسٹ پارٹی’ سے وفاداری کا حلف اٹھانے کا حکم دیا ہے۔بدھ کو وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک نوٹس میں وکالت کی اجازت حاصل کرنے کے نئے درخواست گزاروں اور اور اجازت نامے کی تجدید کے خواہاں وکلا کو حکمران جماعت سے وفاداری کا حلف اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حلف نامے میں وکلا سے “چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ نظام کے تحت بہ طور ایک قانونی کارکن مکمل وفاداری سے مقدس مشن کی انجام دہی” کا عہد لیا گیا ہے۔

مجوزہ حلف نامے میں وکلا سے “مادرِ وطن، عوام، کمیونسٹ پارٹی کی قیادت اور سوشلسٹ نظام” سے وفادار رہنے کا تقاضا بھی کیا گیا ہے۔ناقدین مذکورہ حکم نامے کو انسانی حقوق کے لیے سرگرم اور شہری آزادیوں سے متعلق بعض حساس مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلا پر دبا بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

چینی حکومت اس سے قبل بھی سرگرم وکلا کے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی آئی ہے۔ گزشتہ برس ‘بہارِ عرب’ کے زیرِ اثر عرب دنیا میں ہونے والے مظاہروں کے بعد داخلی سطح پر کسی ایسی احتجاجی تحریک سے بچنے کے لیے چینی حکومت نے انسانی حقوق کے لیے کوشاں درجنوں وکلا کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لے لیا تھا۔