ڈینگی کیخلاف ڈاکٹرز اور نرسوں کی تربیت جاری ہے۔ شہباز

shahbaz sharif

shahbaz sharif

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پروفیسرز اور سینئر کنسلٹنٹس نے شام کے اوقات میں ہسپتالوں کے دوبارہ دورے شروع کر دیئے ہیں۔ ڈینگی کے خلاف ڈاکٹرز اور نرسوں کی تربیت جاری ہے۔ لاہور میں ڈینگی جائزہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی تربیت جاری ہے۔ پیر کے روز تین سو پچپن اہلکاروں کو ٹریننگ دی گئی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ شام کے اوقات میں پروفیسرز اور کنسلٹنٹس نے ہسپتالوں کے دورے دوبارہ شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز تیرہ نجی اور فلاحی ہسپتالوں میں ایک سو اٹھائیس ڈینگی مریضوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر نظام وضع کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بلڈ لائن ایک شاندار منصوبہ ہے اور اب تک دو ہزار ڈونرز خون کا عطیہ دینے کیلئے اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ کمشنر لاہور نے اجلاس کو بتایا کہ قبرستانوں میں خصوصی مہم میں کنٹونمنٹ اور ڈیفنس کے علاقے کوبھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں منتخب نمائندے، چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور ماہرین بھی شریک ہوئے۔