ڈی پی او گجرات راجہ بشارت محمود نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کی خدمات قابل تحسین ہیں

گجرات (جی پی آئی)ڈی پی او گجرات راجہ بشار ت محمود نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کی خدمات قابل تحسین ہیں ، اور عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ریلی کے موقع پر منہاج القرآن نے منظم انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا ، جس کیلئے ہم منہاج القرآن کے شکر گزار ہیں ، وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ، جس کی قیادت چوہدری غلام سرور وڑائچ نائب صدر سٹی گجرات نے کی ، وفد میں ناظم سٹی شاہد میر ، چوہدری سمیع اللہ وڑائچ ، قیصر محمود چوہان ، چوہدری محمد انصر و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر منہاج القرآن کے راہنما شاہد میر نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ریلی کے سلسلہ میں بھرپور انتظامات کیے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی اور ٹریفک کا نظام بہتر کیا جس سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا ، منہاج القرآن نے ہمیشہ قانون کی پابندی کی ہے ، اس موقع پر منہاج القرآن کی طرف سے کتابوں کے سیٹ پیش کیے گئے ۔