کراچی اور کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے: رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد(جیوڈیسک)کراچی اور کوئٹہ میں موبائل سروس بند کر دی گئی۔راولپنڈی اوراسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وی وی آئی پیزسے جیمرز لے کر جلوسوں کے راستوں پر لگائیں گے۔

وزیر داخلہ نے پولیس لائین اسلام آباد میں اے ایس آئی شیر محمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔شیر محمد گستاخانہ فلم کے خلاف مظاہروں میں ڈیوٹی کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے اور پمز میں زیرعلاج تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے رحمان ملک نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں آج اور کل دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔ وی وی آئی پیز سے جیمرز لے کرجلوسوں کے راستوں پرلگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر کراچی اور کوئٹہ ہائی الرٹ پر ہیں۔ وہاں دہشت گردی کے خطرات زیادہ ہیں۔ کراچی اور کوئٹہ میں آج دن ایک بجے سے رات گئے تک موبائل سروس بند رہے گی۔

راولپنڈی اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں بھی موبائل سروس بند کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کے ساتھ وائر لیس فون بھی بند کر دیے جائیں گے۔ پنجاب میں بھی جہاں ضرورت پڑی موبائل سروس بند کی جائے گی ۔وزیر داخلہ نے کراچی کمپنی اسلام آباد کا دورہ بھی کیا اور آٹھویں محرم کے جلوس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔