کراچی : جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کا آپریشن

Rangers operation Karachi

Rangers operation Karachi

کراچی (جیوڈیسک) لیاری میں رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پچاس سے زائد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برامد کر لیا گیا۔ لیاری میں ایک مرتبہ پھر رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا۔ لیاری آٹھ چوک، بغدادی، دریا آباد، افشانی گلی، چاکیواڑہ، نوا لین اور ملحقہ علاقوں میں رینجرز کے سینکڑوں جوان داخل ہوئے۔ لیاری میں آپریشن کے خلاف مشتعل افراد کی جانب سے ہنگامہ آرائی سلسلہ شروع ہوگیا اور چاکیواڑہ، شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ اور دریا آباد مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگا دی۔

علاقے میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت رشید، یونس اور حیات کے نام سے کی گئی زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا۔ لیاری آپریشن کے خلاف مواچھ گوٹھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مشتعل افراد نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے حب ریور روڈ بند کر دیا۔ آپریشن کے باعث علاقہ مکینوں کو پریشانی کا سامان کرنا پڑا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق آپریشن کے دوران 54 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ملزمان سے پانچ کلو دھماکہ خیز مواد اور 8 ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے۔ ملزمان سے کلاشنکوف، پستول او رپیٹر بھی قبضے میں لئے گئے۔ ملزمان سے 27 کلو چرس اور شراب کی تین ہزار بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔ رینجرز نے ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے آپریشن کے دوران جوئے کے اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔