کراچی صورتحال پر گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس

governer houseکراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی صدارت میں گورنر ہاوس میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی کے رہنما وں کا اجلاس ہوا جس میں شہر میں جاری صورتحال سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوئی ،تینوں جماعتوں کے رہنماوں نے شہر میں قیام امن کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرتے ہوئے دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اس ضمن میں نچلی سطح پر اتحاد واتفاق کی فضا یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ شہر کا ماحول پر امن بنانے کی کوشش نتیجہ خیز ثابت ہو۔ تینوں جماعتوں کے رہنماوں نے اتفاق کیا اور عزم ظاہر کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور موجودہ صورتحال میں پوری قوم کو یکجا کرنا اور اتحاد و بھائی چارگی کرنا ہمارا اولین مشن ہے۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کے وقار مہدی، نجمی عالم، راشد ربانی، متحدہ قومی موومنٹ کے روف صدیقی، صغیر احمد ، شیخ محمد افضل اور اے این پی کے ریاض گل، رانا گل آفریدی اور بشیر جان نے شرکت کی، اجلاس میں وزیر داخلہ رحمان ملک اور وزیر داخلہ سندھ منظور وسان بھی شامل تھے۔ قبل ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی، اس موقع پر شہر میں امن و امان کی صورتحال سمیت اہمیت کے حامل امور پر بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے میں قیام امن کے لئے وفاقی حکومت کے ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔