کراچی : فائرنگ واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق

karachi firing

karachi firing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ پاک کالونی گٹر باغیچہ کے قریب فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوا۔ اورنگی ٹاون عثمانیہ کالونی سے بھی ایک شخص کی لاش ملی۔ شیریں جناح کالونی میں ایک شخص گولیوں کا نشانہ بنا۔ نیپئر میں فائرنگ سے شہزاد جاں بحق ہو گیا۔ گلبہار میں گھر کی چھت سے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے انور کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کے قریب سے ایک کلاشنکوف اور گولیاں بھی ملیں۔ بلدیہ ٹان میں فائرنگ سے پولیس اہلکار گوہر عباس جاں بحق ہوا۔

لیاقت آباد نمبر 4 میں صالح محمد بلوچ گولیوں کا نشانہ بنا۔ رضویہ سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فراز جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب پولیس نے ماڑی پور لائنز ایریا سے سابق رکن صوبائی اسمبلی لیاقت قریشی سمیت 31 افراد کے قتل میں ملوث ملزم جہانگیر عرف مرتضی کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ کورنگی چکرا گوٹھ میں پولیس نے بلوے اور فائرنگ کے اہم ملزم شرافت بنگالی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم چکرا گوٹھ واقعہ کے مقدمہ میں نامزد تھا اور کافی عرصے سے روپوش تھا۔ پریڈی پولیس نے دکاندار سے دس لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے والے کمسن ملزم سمیر عرف پٹنی کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔