گستاخانہ فلم کے خلاف لانگ مارچ کے سلسلے میں اہل سنت کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (منظور حسین) گستاخانہ فلم کے خلاف جماعت اہل سنت پاکستان کے 8نومبر کو راولپنڈی سے کراچی تک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لانگ مارچ کے سلسلے میں 20سے زائد اہل سنت کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ سید ریاض حسین شاہ سے اہل سنت کے مختلف جماعتوں کے سربراہان نے ملاقات اور فون کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے لانگ مارچ میں شرکت کی مکمل یقین دہانی کرائی نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب،المصطفیٰ ویلفیر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئر مین عبدا لرزاق ساجد ،جماعت الصالحین کے سربراہ خالد سلطان القادری،مصطفائی تحریک کے سربراہ امیر میاں فاروق مصطفائی ،انجمن طلبا ء اسلام کے مرکزی صدر سید جواد الحسن ،مصطفائی فائو نڈیشن کے صدر خواجہ صفدر امین ،پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی صدر قاضی عتیق الرحمان،تحریک اسلام پاکستان کے سربراہ علامہ محمد حیدر علوی،جمیعت مشائخ کے سربراہ پیر سیدسرور حسین شاہ سمیت دیگر جماعتوں کی قیادت نے لانگ مارچ میں بھر پور انداز میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تحفظ ایمان کی بنیاد ہے گستاخانہ فلم اور خاکوں کے خلاف احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عالمی سطح پر توہین انبیاء روکنے کے لیے قانون سازی نہیں کی جاتی تمام مسلم ممالک کے سربراہان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کو ناموس ر سالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفظ کے لیے قانون سازی کرانے کے لیے خطوط ارسال کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے یہ مسلم ممالک باہم متحد ہوکر یورپی ممالک کا سفارتی و معاشی بائیکاٹ کرکے انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے انتظامات کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے 35مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔