عامر خان کی ترک خاتون اول سے ملاقات پر بھارتی آپے سے باہر

 Aamir Khan

Aamir Khan

استنبول (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ اسٹار عامر خان کی ترک خاتون اول سے ملاقات پر بھارتی آپے سے باہر ہوگئے اور عامر خان پر کڑی تنقید کاسلسلہ شروع ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اپنی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کے لیے ان دنوں ترکی میں ہیں۔

عامر خان نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان سے بھی ملاقات کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

ترک خاتون اول نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عامر کے ساتھ اپنی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار عامرخان سے استنبول میں ملاقات کرکے بڑی خوشی ہوئی ہے اور میں اس بات پر بھی بہت خوش ہوں کہ عامر خان نے اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی بقیہ شوٹنگ ترکی میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔

ترک خاتون اول سے ملاقات کی تصاویر سامنے آنے کے بعد انتہاپسند بھارتیوں نے ایک بار پھر عامر خان کو نشانے پر لے لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر عامر خان کو کوئی بھارتی صارف وطن دشمن قرار دے رہا ہے تو کوئی پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک مرتبہ تینوں بالی وڈ خانز نے بھارت کے دوست ملک اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن اب عامر خان نے بھارت مخالف ترکی کی خاتون اول سے ملاقات کرلی ہے۔

ایک صارف کا کہنا ہے کہ عامر خان اپنی فلموں میں ہندو مخالف مواد دکھاتے تھے اور اب وہ بھارت مخالف اور دشمنوں سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو عامر خان کی اس ملاقات کے حوالے سے مثبت باتیں کررہے ہیں اور اس معاملے کو خواہ مخواہ کی بحث قرار دے رہے ہیں۔

ادھر عامر خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک خاتون اول سے ملاقات میں سماجی فلاح و بہبود کے ان پروجیکٹس سے متعلق گفتگو ہوئی جن سے وہ وابستہ ہیں۔

بیان کے مطابق ترک خاتون اول نے اپنی فلموں کے ذریعے سماجی مسائل کو اجاگر کرنے پر عامر خان کو مبارکباد بھی پیش کی۔

عامر خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘عامر خان نے ترک خاتون اول کو بتایا کہ وہ اپنی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی بقیہ شوٹنگ ترکی میں کریں گے کیوں کہ بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کی وجہ سے شوٹنگ ممکن نہیں، عامر خان نے اس سلسلے میں ترک خاتون اول کو فلم کے سیٹ پر آنے کی دعوت دی تھی’۔