عبدالقادر کی وفات نے مجھے ایک دوست سے محروم کر دیا، عمران خان

Imran Khan - Abdul Qadir

Imran Khan – Abdul Qadir

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مایہ ناز کرکٹر عبدالقادر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عبدالقادر کی وفات سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا، عبدالقادر کی وفات نے مجھے ایک دوست سے محروم کردیا ہے جس کا دلی صدمہ ہے۔

خیال رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر 63 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ عبدالقادر کے داماد کرکٹر عمر اکمل کے بھائی کامران اکمل نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سابق کرکٹر عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔

عبد القادر 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 236 اور 132 وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالقادر وزیراعظم عمران خان کے بے تکلف دوستوں میں سے ایک تھے اور دور جدید میں اس فن کو زندہ کرنے میں ان کی بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

عبدالقادر نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ عمران خان کے زیر قیادت کھیلتے ہوئے ہی دی اور عمران خان عبدالقادر پر خاصہ انحصار کرتے تھے۔

موجودہ وزیراعظم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے ہمراہ عبدالقادر کی تباہ کن بولنگ 29 اکتوبر 1986 کو ویسٹ انڈیز کیخلاف دیکھنے کو ملی تھی۔

پاکستان نے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو چوتھی اننگز میں صرف 53 رنز پر ڈھیر کردیا تھا اور میچ 186 رنز سے جیت لیا تھا۔

ویسٹ انڈیز ان دنوں ناقابل شکست ٹیم سمجھی جاتی تھی اور پاکستان کی اس فتح کو اس دور کی بڑی فتح سمجھا جاتا ہے۔