احسن اقبال نے حکومت کیخلاف بلاول کی تحریک عدم اعتماد کی تجویز پرانی قرار دیدی

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کرنا چاہیے، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی پرانی تجویز ہے۔

احسن اقبال کا کہنا ہےکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں تجویز پر بحث کرکے اتفاق رائے سے فیصلہ کرتے ہیں، اگر بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر ہیں تو ضرورپیش کریں،سینیٹ میں نمبر تھے لیکن ہماری تحریک اعتماد کامیاب نہیں ہوئی تھی۔

ان کا کہنا ہےکہ اب ایک ہی راستہ ہے،حکومت کےخلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کا ، جس پر چلنا چاہیے، حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما بھی فراڈ تھا اور براڈ شیٹ بھی فراڈ ہے، حکومت صرف توجہ ہٹانےکے لیے براڈ شیٹ، براڈ شیٹ کر رہی ہے ۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ مارچ کا مہینہ مارچ کے لیے اچھا ہے،حکومت کے خلاف فیصلہ کُن مارچ ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت گرانے کیلئے بلاول نے اپوزیشن اتحاد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادیوں کو منائيں گے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے جمہوری و آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب اپنی حکمت عملی پر اتحادیوں کو منالیں گے تو ہماری چائے کی دعوت سے بھی حکومت اتنا گھبرا جائے گی جتنا 10، 10 جلسوں سے نہیں گھبراتی۔