اربیل ہوائی اڈے پر راکٹ حملے امن تباہ کرنے کی کوشش ہے: قوباد طالبانی

Qubad Talabani

Qubad Talabani

عراق (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے صوبہ کردستان کے نائب وزیراعلیٰ قوباد طالبانی نے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت اربیل میں قائم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ حملے ملک کا امن تباہ کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ گروپوں‌نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ طالبانی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں کا مقصد صرف امن کو تباہ کرنا ہے۔

کردستان کے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اربیل ہوائی اڈے پرہونے والے حملے کی تحقیقات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر بھی تحقیقات کی جائیں‌ گی۔

کرد عہدیدار نے عالمی برادری سے صوبہ کردستان کی معاونت کی بھی اپیل کی۔

کردستان کی صوبائی انتظامیہ اور نئی امریکی انتظامیہ کے درمیان تعلقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں قوباد طالبانی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہیں اور ہم جوبائیڈن کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ سوموار اور منگل کی درمیانی شب اربیل ہوائی اڈے پر 14 راکٹ داغے گئے تھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اربیل ہوائی اڈے پرحملے کو دہشت گردانہ کارروائی اور عراق میں افراتفری پھیلانے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔