خبردار! فیس بک پر پیاز کی تصویر پوسٹ کرنے سے محتاط رہیں

Onion

Onion

کچھ ‘پیاز ‘عام ہوتے ہیں اور کچھ پیاز فیس بک کے لیے ضرورت سے زیادہ خوبصورت بھی ہو سکتے ہیں جنہیں وہ اپنے پلیٹ فارم پر پوسٹ نہیں ہونے دیتا۔

یہ بات حال ہی میں ایک کینیڈین اسٹور کے علم میں آئی کیوں کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اسٹور کی جانب سے پوسٹ کیا گیا ایک اشتہار اس لیے ہٹا دیا کیونکہ اس میں ایسے پیاز موجود تھےجو فیس بک کی نظر میں بہت زیادہ جاذب نظر تھے اور ان سے عریانیت پھیل رہی تھی۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد فیس بک نے ایک بیان جاری کرکے معافی بھی مانگی اور بتایا کہ یہ ان کی خودکار ٹیکنالوجی میں موجود غلطی کی وجہ سے ہوا۔

کینیڈا کا والا والا نامی اسٹور اپنی اشیاء کے سائز اور میٹھے ذائقے کی وجہ سے مشہور ہے۔ اسٹور کا کہنا ہے کہ ان کی جانب پوسٹ کیے گئے اشتہار میں ایک باسکٹ میں کچھ پیاز رکھے تھے جب کہ ساتھ میں ایک کٹا ہوا پیاز بھی موجود تھا۔

اسٹور کے منیجر کاکہنا ہے کہ فیس بک کی جانب سے اشتہار مسترد ہونے وجہ کا علم ہونے پر انہیں حیرت کے ساتھ ساتھ ہنسی آئی اسی لیے انہوں نے مذکورہ تصویر اور فیس بک کی جانب سے بھیجا گیا پیغام سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کا سوچا جب کہ اس فیصلے پر فیس بک کو اپیل بھی کی۔

فیس بک نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ مسئلہ ان کی خودکار ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیدا ہوا کیونکہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ “عریانیت “کو اپنے پلیٹ فارم پر پھیلنے روکیں۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ اشتہار کو بحال کر دیا ہےاور وہ اس مسئلے پر شرمندہ ہیں۔