علی گنڈاپور کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

Abdul Rashid and Ali Amin Gandapur

Abdul Rashid and Ali Amin Gandapur

آزاد کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبدالرشید سلہریا کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈاپور کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو رہی ہے۔

مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، الیکشن کی تیاری میں حکومت کی پوری معاونت حاصل رہی ہے۔

عبدالرشید سلہریا کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 56 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پریزائیڈنگ افسران سے کہا ہے کہ نتائج کا موقع پر اعلان کریں اور پولنگ ایجنٹس کو نتائج کی کاپی فراہم کریں۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور سے متعلق سوال پر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کا کہنا تھا گنڈا پور کو چھوڑ دیں، آج اچھی اچھی باتیں کریں، علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں چیف الیکشن کمشنر کے احکامات کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈاپور کو 27 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔