امریکا کا آن لائن کلاسز کیلئے مزید غیر ملکی طلبہ لینے سے انکار

American Online Classes

American Online Classes

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے ایک اور متنازع فیصلہ کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کے لیے مزید غیرملکی طلبہ لینے سے انکار کر دیا۔

امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے پالیسی بدلنے کا اعلان کیا گیا۔

قبل ازیں امریکی صدر کورونا وبا کے دوران غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزا منسوخ کر چکے ہیں۔

امریکی جامعات نے اب تک نئے سیمسٹر کے لیے داخلوں کا اعلان نہیں کیا لیکن ہارورڈ یونیورسٹی نےبعض شرائط کے ساتھ اگلے تعلیمی سال کے لیے آن لائن کلاسز لینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیرملکی طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔

اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے غیرملکی طلبہ جو صرف آن لائن کلاسز لے رہے تھے، انہیں امریکا چھوڑنے کا کہا تھا جس کے خلاف ہارورڈ اور ایم آئی ٹی سمیت بڑی جامعات، ٹیچرز یونین اور 18 ریاستوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

معاملہ عدالت میں جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔