امریکہ سے تعلقات خراب ہوتے ہیں تو ہوں ہم ایران کو جوہری اسلحہ نہیں بنانے دیں گے: نیتان یاہو

Benjamin Netanyahu

Benjamin Netanyahu

اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری اسلحہ بنانے سے باز رکھنے کے لئے اگر امریکہ سے ہمارے تعلقات کشیدہ بھی ہوتے ہیں تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔

ڈیوڈ بارنیا کے اسرائیل خفیہ ایجنسی ‘موساد ‘کی سربراہی کا عہدہ سنبھالنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں نیتان یاہو نے ایران کے خلاف خفیہ آپریشنوں کو جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا ہے کہ اس وقت اسرائیل کو جس سب سے بڑے خطرے کا سامنا ہےوہ ایران کے جوہری اسلحہ بنانے کا احتمال ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں نے امریکہ کے صدر جو بائڈن کو بھی ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اپنی رائے سے آگاہ کیا ہے۔ یہ بات میں نے اپنے دیرینہ دوست بائڈن سے کہی ہے اور کہا ہے کہ سمجھوتہ ہو یا نہ ہوایران کو جوہری اسلحہ بنانے سے باز رکھنے کے لئے ہم ہر ممکنہ کوشش کرنا جاری رکھیں گے۔

نیتان یاہو نے کہا ہے کہ میں امید کرتا ہوں کہ ایسا نہیں ہو گا لیکن بلفرض اگر ہمیں دوست ملک امریکہ کے ساتھ کشیدگی اور درپیش خطرے کے درمیان انتخاب کرنا پڑا تو ہم خطرے کو ختم کرنے کا انتخاب کریں گے۔