امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ہوائی جہازوں کو ایندھن کے حصول میں مشکلات

Iranian Plane

Iranian Plane

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کی طرف سے ایران پرعایدکی گئی فضائی پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی فضائی کمپنیوں کو اپنی پروازوں کو بروقت منزل مقصود تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی وزیر برائے ٹرانسپورٹ محمد اسلامی نے بتایا ہے کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ‘ھما’ کمپنی کی دو پروزازوں کو ایندھن نہ مل سکا جس کے نتیجے میں وہ 20 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایرانی وزارت ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق اسلامی نے منگل کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں پروازیں خراب موسم اور ایندھن نہ ملنے کے باعث ایمسٹرڈیم اور لندن میں تقریبا 20 گھنٹے پھنسی رہیں۔

ایرانی وزیر محمد اسلامی نے امریکی پابندیوں کو غیرانسانی اور غیرقانونی قرار دیا۔

خیال رہے کہ امریکا کی طرف سے ایران پر عاید کردہ پابندیوں میں ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن کی فراہمی پرپابندی بھی شامل ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’ نے ایرانی ہوا بازی کی تنظیم کے نائب ڈائریکٹر مرتضیٰ دھقان کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ سکریٹری جنرل اور انٹرنیشنل ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین کے پاس ان دونوں طیاروں کو ضروری ایندھن فراہم نہ کرنےکی شکایت درج کرائیں گے۔

دہقان نے مزید کہا کہ ایرانی طیاروں کو ایندھن کی فراہمی روکنا تہران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایندھن ملنے کے نتیجے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کاطیارہ بھی کچھ عرصہ قبل میونخ ہوائی اڈے پر پھنس گیا تھا اور وہ کئی گھنٹے تاخیر کےبعد وہاں سے روانہ ہوئے تھے۔