امیتابھ بچن نے نام لیے بغیر نظم شیئر کرنے پر شاعرہ سے معافی مانگ لی

Amitabh Bachchan

Amitabh Bachchan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے شاعر کا نام لیے بغیر نظم شیئر کرنے پر خاتون شاعر سے معافی مانگ لی۔

امیتابھ بچن نے کچھ روز قبل اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک نظم شیئر کی تھی جس پر ایک ہزار سے زائد صارفین نے مختلف انداز کے ساتھ اظہار خیال کیا تھا جب کہ 16 ہزار افراد نے پسندیدگی بھی ظاہر کی۔ اُن کی ٹویٹ پر ایک کمنٹ تیشا اگروال نامی ایک خاتون کا بھی تھا۔

تیشا اگروال نے امیتابھ بچن کی ٹویٹ پر عاجزی کے ساتھ کہا کہ آپ کی جانب سے غزل شیئر کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں لیکن اگر آپ اس غزل کے ساتھ میرا نام بھی لکھ دیتے تو میری خوشی دوبالا ہو جاتی۔

تیشا اگروال کے اس کمنٹ پر امیتابھ بچن خاموش نہ رہے اور انہوں نے لیجنڈ اداکار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ایک اور ٹویٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی معلوم ہوا کہ میں نے جو غزل شیئر کی وہ آپ کی تھی کیوں کہ وہ غزل مجھے کسی نے واٹس ایپ پر دی اور مجھے بہت پسند آئی اس لیے میں نے ٹویٹر پر شیئر کردی، لہذا میں اپنی اس غلطی پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔

امیتابھ بچن نے اپنی دوسری ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ اس غزل کا شاعر کون ہے؟ جس پر میں شرمندہ بھی ہوں لیکن میں پھر بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اس غزل کا تمام سہرا آپ کے سر جاتا ہے۔