عرب اتحاد کے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف 21 اہدافی حملے

Houthis

Houthis

یمن (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد نے یمن کے صوبوں حجہ اور مآرب میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف 21 اہدافی حملے کیے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 15 “فوجی گاڑیاں” تباہ ہو گئی ہیں اور حوثیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن ایس پی اے نے ان کی تعداد نہیں بتائی۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کے شہروں اور شہری تنصیبات کو آئے دن بارود سے لدے ڈرونز، بیلسٹک میزائلوں اور کھلونا کشتیوں سے نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

جنوری میں حوثیوں نے متحدہ عرب امارات پر بھی ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے تھےجو یمن میں ملیشیا کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کا حصہ ہے۔

ان ڈرون اور میزائل حملوں میں یواے ای کی تیل کی تنصیبات اور ابوظبی کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اس کے نتیجے میں ایک پاکستانی سمیت تین تارکینِ وطن مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ایس پی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سعودی عرب کی دفاعی افواج نے حوثی ملیشیا کے جنوبی شہر جازان کی طرف داغے گئے ڈرون کو روک کرناکارہ بنادیا ہے۔تباہ شدہ ڈرون کے ٹکڑے شہری علاقوں پر گرے لیکن اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

عرب اتحاد یمن میں حوثیوں کے جائزفوجی اہداف کونشانہ بنارہا ہے اور شہریوں کو خبردارکر رہا ہے کہ وہ پہلے سے نشانہ بنائے گئے مقامات کے قریب جائیں اور نہ وہاں جمع ہوں۔اتحاد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق کی جارہی ہیں۔