ارباز خان جیورجیا کو ’ارباز کی گرل فرینڈ‘ کہہ کر مخاطب کرنیوالوں پر برہم

Arbaaz Khan

Arbaaz Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار ارباز خان ماڈل جیورجیا ایڈریانی کو ’ارباز کی گرل فرینڈ‘ کہہ کر مخاطب کرنے والوں پر برہم ہوگئے۔

بالی ووڈ اداکار ارباز خان اداکارہ ملائیکا اروڑا سے طلاق کے بعد اطالوی ماڈل جیورجیا ایڈریانی کو کچھ عرصے سے ڈیٹ کر رہے ہیں۔ ارباز خان اور ملائیکا اروڑا نے 2017ء میں شادی کے 18 سال بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ طلاق کے بعد ملائیکا اروڑا نے بھی اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔

’بالی ووڈ ببل‘ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے اداکار ارباز خان نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ ہمارے درمیان ایسے لوگ بھی پائے جاتے ہیں جو جیورجیا ایڈریانی کو ان کے نام کی بجائے انہیں ’ارباز خان کی گرل فرینڈ‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں؟‘

ارباز خان نے کہا کہ جیورجیا ایڈریانی اپنی الگ پہچان رکھتی ہیں، انہیں ہرگز میری گرل فرینڈ کے طور پر نہیں جاننا چاہیے، یہ بات غلط ہے کہ وہ میرا نام استعمال کر کے مقبولیت حاصل کرنا چاہتی، ہم دونوں مختلف شخصیات ہیں۔

اداکار نے کہا کہ ایسا ہی لوگ میرے بارے میں بھی لکھتے ہیں، مجھے ’سلیم خان کا بیٹا‘ اور ’سلمان خان کا بھائی‘ کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے۔ ہر کسی کی اپنی ذاتی پہچان اور ایک مقام ہوتا ہے۔ میں ایسا کرنے والوں کو جانتا ہوں اور وہ یہ ویڈیو ضرور دیکھیں گے۔

ارباز خان نے کہا کہ اگر میری باتیں سن کر بھی وہ عمل نہیں کرتے تو انہیں کوئی نہیں سمجھا سکتا۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ جیورجیا ایڈریانی کون ہیں۔ توجہ حاصل کرنے کے لیے جیورجیا کی تصاویر استعمال نہ کریں۔ لوگوں کو ایک دوسرے کو عزت دینی چاہیے۔