آصف علی زرداری کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کر دیا گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو آصف زرداری اور فریال تالپور کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی۔

عدالت میں پیشی کے بعد انتظامیہ نے آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کردیا۔ ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ نے آصف علی زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شعبہ امراض قلب میں منتقل کیا گیا جہاں ان کے میڈیکل ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ ان کا بلڈ پریشر، شوگر اور کمر کی تکلیف کا معائنہ کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے پمز اسپتال کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی جس کی روشنی میں جیل حکام نے آصف زرداری کو احتساب عدالت سے اسپتال منتقلی کے لیے انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔