آصف زرداری کو ذاتی معالج کی سہولت نہ دینے کیخلاف پیپلز پارٹی کا مظاہرہ

Saeed Ghani

Saeed Ghani

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کو ذاتی معالج سے علاج کی سہولت نہ دینے اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایک جگہ کا کیس دوسری جگہ چلایا جائے۔ آصف علی زرداری بیمار ہیں، ریلیف نہیں ان کا حق مانگ رہے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے میں صوبائی وزرا، مشیر، معاونین خصوصی، ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ آج کا احتجاج اس بات کا مطالبہ ہے کہ حکومت آنکھیں کھولے۔ پی پی نے سڑکوں کی طاقت کو ثابت کیا ہے، یہ مظاہرہ دنیا کے سامنے انصاف کا پردہ چاک کرنے کے لیے ہے۔