حملے کی صورت میں سعودی عرب کا دفاع کریں گے: وائٹ ہاوس

Jen Psaki

Jen Psaki

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین سکی نے کہا کہ اگر سعودی عرب پر حملہ ہوتا ہے تو ہم دفاع میں سعودیہ کا ساتھ دیں‌ گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن جلد ہی خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ رابطہ کریں گے۔

بائیڈن نے رواں ماہ کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ تہران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے خطرات سے خودمختاری اور علاقے کا دفاع کرنے میں سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے 10 فروری کو زور دے کر کہا تھا کہ واشنگٹن ریاض کے ساتھ کھڑا ہے۔ العربیہ کو بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پابندیوں سمیت حوثیوں سے نمٹنے کے لیے کئی آپشن موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کو نشانہ بنانے اور حملوں کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حوثیوں اور تہران پر دباؤ ڈالتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ 10 فروری کو یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم عرب اتحادی فوج نے کہا تھا کہ حوثی باغیوں نے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی ڈے پر میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ایک سول مسافر جہاز کو نقصان پہنچا تاہم حکام نے جہاز میں لگنے والی آگ پر جلد ہی قابو پا لیا تھا۔