آسٹریلین کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی

Australian Cricket Team

Australian Cricket Team

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلیا کی فل اسٹرینتھ کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ہے۔

پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلین ٹیم اسلام آباد پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ اسٹیو اسمتھ، مارنوس لبوشین، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، عثمان خواجہ، ناتھن لیون، مچل اسٹارک اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیٹ کمنز کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے کے بعد خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

آسٹریلین ٹیم دو روز بائیو سکیور ببل میں رہے گی اور دو روز بعد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔

کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم تقریباً 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔