آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن نے بابراعظم کو بہترین بلے باز قرار دیدیا

Babar Azam

Babar Azam

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسپنر نیتھن لائن کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم بلاشبہ دنیا کے بہترین بلےباز ہیں تاہم انہیں بالنگ کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی پریس کانفرنس میں نیتھن لائن نے کہا میں اپنے آپ کو چیلنج کرنے کا انتظار نہیں کرسکتا پاکستان کی لائن اپ میں بابراعظم کے علاوہ کچھ ناقابل یقین بلے باز ہیں جن کے ساتھ میں کچھ عمدہ چیلنجز کا سامنا کروں گا، میں نے اپنے کیریئر کے پہلے دن سے ہمیشہ کہا ہے کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنا چاہتا ہوں اور بابر یقیناً ان میں سے ایک ہیں۔

نتھین لائن نے کہا کہ سچ پوچھیں تو ہر میچ میں جیت کی سوچ کے ساتھ جاتا ہوں، ہارنے یا ڈرا کی سوچ لے کے نہیں۔ اس لیے پاکستان میں میری سوچ ہے کہ ٹیسٹ سیریر3-0 سے جیت لی جائے۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر نے راولپنڈی اسٹیڈیم کی پچ کو 2018 میں متحدہ عرب امارات کی پچز کے ساتھ تشبیہہ دی جہاں آسٹریلیا پاکستان کے خلاف کھیلا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچ پر گھاس نہیں، مجھے توقع ہے کہ شروع کے دنوں میں بیٹنگ کرنا کافی اچھا رہے گا اور پھر امید ہے کہ اس میں اسپن اور ریورس سوئنگ آسکتی ہے۔

آسٹریلیا کے 34 سالہ اسپنر آسٹریلوی ٹیم میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کرکٹر ہیں۔ وہ 105 ٹیسٹ میچز میں 415 وکٹیں لے چکے ہیں۔ انہوں نے ایشیا بھر میں ہونے والے 19 میچز میں ریکارڈ 95 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

دوسری جانب بابراعظم عالمی ون ڈے میچز اور ٹی20 میچز میں دنیا کے نمبر ون بیٹر ہیں۔ وہ ٹیسٹ رینکنگ میں نویں نمبر پر ہیں۔