مخلوق خدا کی خدمت ہی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہے، بابا توفیق خضری

Baba Toufiq

Baba Toufiq

لاہور : اللہ کی رضا میں راضی ہو جانے میں انسان کی فلاح موجود ہے، اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لئے اتنا رحمان اور رحیم ہے کہ سچے دل سے کی گئی عبادت اور رجوع پر نظر کرم کرتا ہے، بس پکارنے کی دیر ہے۔ان خیالا ت کا اظہار معروف صوفی بزرگ حضرت پیربابا محمدتوفیق چشتی صابری خضری کاہنہ والے اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ اپنے مومن بھائی کی فلاح و بہبود کیلئے ہر وقت سرگرداں رہتا ہے۔ اپنے رب کو راضی کرنے کیلئے وہ ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کی ہر وقت کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا سہارا بن جائے تو معاشرے میں نہ صرف سدھار آجائے گا بلکہ ہرچہرہ فکر و پریشانی سے پاک ہوگا،حضرت پیربابا محمدتوفیق چشتی صابری خضری نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد کا مظاہرہ کرے، باطل اور فرقہ پرست عناصر عالمی پیمانے پر اسلام اور اس کے ماننے والوں کے خلاف سازشوں کا جال بْن رہے ہیں ایسے میں ہمارا اتحاد ان کے عزائم کو تہس نہس کردے گا، انہوں نے کہا کہ مسلمان دینِ اسلام اور مقدس مقامات کی حفاظت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،یہ ہمارا آئینی حق ہے۔ حضرت پیربابا محمدتوفیق چشتی صابری خضری نے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول ۖکے احکامات پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان پر لازم ہے۔ اگر ہم شریعت کے پابند ہوجائیں تو ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخلوقِ خدا کی خدمت ہی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہے۔