بغداد میں ہسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ، ہلاکتوں کی تعداد 82 ہو گئی

Baghdad Hospital Fire

Baghdad Hospital Fire

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) ہفتے کے روز عراقی دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب ہسپتال میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 82 ہو گئی ہے جب کہ 110 افراد زخمی ہیں۔ یہ بات عراقی وزارت داخلہ نے آج اتوار کے روز بتائی۔ یہ آگ ہفتے کے روز ہسپتال میں کرونا کے مریضوں کے شعبے میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے لگی تھی۔

دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے شعبہ کرونا میں 200 مریض شہریوں کو بچا لیا گیا۔

دریں اثنا متعدد لاپتہ مریضوں کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تلاش جاری رکھی۔ بعض افراد کے متعدد رشتے دار حادثے کے وقت ہسپتال کے مذکورہ شعبے میں زیر علاج تھے.

ایک عینی شاہد کے مطابق آگ لگنے کے بعد کی صورت حال بیان سے باہر ہے۔ کووڈ-19 کے مریضوں کے شعبے میں آگ تیزی سے پھیل جانے کے سبب لوگ بڑی تعداد میں ہسپتال کی کھڑکیوں سے چھلانگیں لگا رہے تھے۔ عینی شاہد نے مزید بتایا کہ “پہلے ہم نے پہلا دھماکا سنا اور پھر دوسرا دھماکا ،،، اس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور اس کا دھواں میرے بھائی تک پہنچ گیا۔ میں نے اپنے بھائی کو اٹھایا اور باہر سڑک پر لے گیا۔ میں لوٹ کر اندر گیا تو آخری منزل پر 19 سال کی عمر کے قریب ایک لڑکی وہاں پھنسی ہوئی تھی۔ اس کا دم گھٹ رہا تھا اور قریب تھا کہ وہ جان سے چلی جاتی”۔

واضح رہے کہ عراقی حکومت نے آج علی الصبح ایک بیان میں ہفتے کے روز آگ لگنے کے اندوہ ناک واقعے پر تین روز کے قومی سوگ کا اعلان کیا۔

عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے کل شام جاری ہدایات میں واقعے کی فوری تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا تا کہ ذمے دار افراد کا پتہ چلا کر انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔