بغداد : امریکی سفارت خانے کے دفاعی نظام نے راکٹ حملے کو ناکام بنا دیا

Baghdad Rockets Attacks

Baghdad Rockets Attacks

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد کے علاقے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے اطراف علاقے کو کئی راکٹوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ العربیہ کے ذرائع نے پیر کی شب بتایا کہ سفارت خانے کے دفاعی نظام نے ان راکٹوں کو مار گرایا۔

گرین زون بغداد کا حساس ترین علاقہ ہے جہاں حکومتی صدر دفاتر اور غیر ملکی سفارت خانے واقع ہیں جن میں نمایاں ترین امریکی سفارت خانہ ہے۔ گذشتہ ماہ بھی سفارت خانے کی سمت متعدد راکٹوں کو داغا گیا تھا۔

رواں سال بغداد ہوائی اڈے کے باہر ایک امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے عراق میں امریکیوں کے خلاف حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ تین جنوری کو ہونے والے حملے میں عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کا رہ نما ابو مہدی المہندس بھی مارا گیا تھا۔

گزرے مہینوں کے دوران مذکورہ راکٹ حملوں کے بیچ امریکی افواج نے از سر نو تعیناتی کے لیے عراق میں 8 ٹھکانوں اور عسکری اڈوں سے اپنے فوجیوں کو ہٹا لیا۔

یاد رہے کہ یکم اکتوبر 2019ء سے عراق میں درجنوں حملے دیکھے گئے جن میں امریکی فوجی اور سفارتی مفادات کو نشانہ بنایا گیا۔