بحرین کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات، ٹھوس اور گہرے ہیں: ولی عہد محمد بن سلمان

Muhammad bin Salman

Muhammad bin Salman

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ بحرین کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات ٹھوس ، گہرے اور برسوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو سعودی عرب بحرینی رابطہ کونسل کے اجلاس کے دوران کہا کہ دونوں ممالک خطے کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ملکوں میں ہم آہنگی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور بحرین اپنے مفادات ، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔ رابطہ کونسل کے پہلے اجلاس میں تقریر کے دوران ولی عہد نے کہا کہ ٹھوس ہدایات کے نتیجے میں ہر سطح پر نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے خطے کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے اور دونوں ممالک کے مفادات ، سلامتی اور استحکام کے تحفظ میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک کے مابین قریبی رابطوں کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ مشترکہ بیان میں رابطہ کونسل کے آئندہ اور دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے مشترکہ موقف اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔