بلوچستان سے لاپتہ 8 افراد بازیاب

Balochistan Missing Persons

Balochistan Missing Persons

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) کوئٹہ میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم حکومتی کمیشن نے چھ روزہ سماعت مکمل کر لی جس میں 85 لاپتہ افراد کے کیسز سنے گئے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ کے سا بق جج جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمان کی سربراہی میں قائم کمیشن نے 6 سے 11 جنوری تک سماعت کی۔

سماعت کے دوران نوشکی سے تعلق رکھنے والے لاپتہ شخص کی گھر پہنچنے کی تصدیق ہوئی۔

لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم کمیشن نے چھ روز کے دوران 85 لاپتہ افراد کے کیسز سنے۔

سماعت مکمل ہونے پر مجموعی طور پر 8 لاپتہ افراد کے بازیاب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دوکا تعلق آوارن، دو کا کیچ جب کہ کوئٹہ،کچھی، نوشکی اور پنجگور سے ایک ایک شخص کی بازیابی کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ چار افراد کے کیسز لاپتہ افراد کے زمرے میں نہ آنے پر خارج کر دیئے گئے۔