بلوچستان: ہزاروں افراد کا جعلی ڈومیسائل پر سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کا انکشاف

Fake Domicile

Fake Domicile

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان میں 30 ہزار سے زائد افراد کے صوبے کا جعلی ڈومیسائل بناکر وفاقی محکموں میں ملازمتیں حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

صوبے کے ڈپٹی کمشنروں نے وفاقی محکموں میں ملازمت کرنے والے افراد کے بوگس لوکل و ڈومیسائل کے اجرا کی تحقیقات شروع کردی ہیں جس کے بعد مستونگ سے 400 اور کوئٹہ سے 122جعلی لوکل اور ڈومیسائل منسوخ کردیے گئے ہیں۔

سینیٹ میں 6 ماہ قبل بلوچستان سے جعلی لوکل و ڈومیسائل بناکر وفاقی محکموں اور وزارتوں میں ملازمتیں حاصل کے حوالے سے قرارداد کی منظوری کے بعد بلوچستان حکومت حرکت میں آئی ہے۔

صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے کارروائی کی ہدایت کی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر مستونگ نےا یک دو نہیں بلکہ پورے 400 جعلی لوکل و ڈومیسائل منسوخ کردیے ہیں۔

حکومت بلوچستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مستونگ کی طرح تمام اضلاع میں بھی جعلی لوکل و ڈومیسائل کے معاملے پر کام کیا جائے گا۔